
دنیا کے ہر گوشے میں عاشقان اہل بیت موجود ہیں جو اہل بیت کے غم کا غم مناتے ہیں اور انکی خوشی میں خوش ہوتے ہیں۔ پوری دنیا میں بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہ کی شہادت کی مناسبت سے ایام فاطمیہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ نیپال میں بھی اس سلسلے میں ایک پروگرام منعقد ہوا۔
نیپال کے شہر نیپال گنج میں’’حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا پیغامِ امن‘‘ کے عنوان سے ایک بین المذاہب سیمینار منعقد ہوا، جس میں شیعہ، سنی اور ہندو مذاہب سے تعلق رکھنے والے تقریباً 150 افراد نے شرکت کی۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق، یہ سیمینار 31 اکتوبر بروز ہفتہ، صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک شہر نیپال گنج کے مرکزِ طبِ یونانی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز معروف اہل سنت قاری صغیر احمد خان کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد اہل سنت طالب علم ابو سهمہ دانش نے نعت پیش کی۔
اس موقع پر اہل سنت شعرا نے بھی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ ان شعرا میں اشفاق، معراج ہمالیہ، سید اشفاق رسول ہاشمی، سرور نیپالی اور حاجی قدیر انصاری شامل تھے۔ اسی طرح شیعہ اور سنی خواتین نے بھی منظومات کے ذریعے بارگاہِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں عقیدت کا اظہار کیا، جن میں ثنا شاد اور مسرور فاطمہ شامل تھیں۔

محترمہ شاہدہ شاہ واحدی نے نیپالی زبان میں خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور کردار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
سیمینار کی خصوصی مہمان نیپال کی ہندو رکن پارلیمنٹ سوشیلا نیپالی تھیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سیمینار میں شرکت کے ذریعے انہیں پہلی مرتبہ یہ جاننے کا موقع ملا کہ اسلام میں خواتین کو مکمل آزادی حاصل ہے اور حجاب ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ عفت و پاکدامنی کے تحفظ کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ اسلام میں حضرت فاطمہ زہرا (س) جیسی عظیم شخصیت موجود ہے۔

اہل سنت عالم کلیم عارفی نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سخاوت پر گفتگو کی، جبکہ اہل سنت کے معروف سیاست دان اور سابق رکن صوبائی اسمبلی یعقوب انصاری نے کہا کہ ہمارے علماء نے اب تک اس عظیم شخصیت کے حوالے سے اس نوعیت کا کوئی سیمینار منعقد نہیں کیا۔
بنگلور کے شہر علی پور سے تشریف لائے مہمان سید علی باقر عابدی نے بھی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و اوصاف پر خطاب کیا۔
اس موقع پر نیپال میں ہندوؤں کے مذہبی رہنما یوگی چندر ناتھ مہاراج نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو کسی دوسری مثالی شخصیت کی تلاش کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات تمام اعلیٰ صفات اور بہترین اوصاف کا کامل نمونہ ہے۔ واضح رہے کہ اس سیمینار کے انعقاد اور انتظام کی ذمہ داری حجۃالاسلام ڈاکٹر محمد زین العابدین نے ادا کی

