
ہندستان اور دنیا بھر کے نقطہ نظر سے 14 نومبر کی تاریخ بہت اہم ہے۔ہندستان میں اسے یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے اور عالمی سطح پر اسے یوم ذیابیطس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ان مناسبتوں سے ہندستان سمیت دنیا بھر میں مختلف پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔نہٹور میں ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ (HEPT) کے زیرِ اہتمام صحت مند نہٹور مشن کے تحت مسلسل چوتھے سال عوامی بیداری ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بجنور کےچیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کوشلندر سنگھ کی نمائندگی کرتے ہوئے محکمۂ صحت کے دو رکنی وفد نے ہری جھنڈی دکھا کر ریلی کو گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سے روانہ کیا۔
ریلی میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ، اساتذہ، طبی کارکنان، صحافیوں، ای رکشہ ڈرائیوروں، کسان یونین کے نمائندوں، وکلا، مشن کے وولنٹیئرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ریلی سے قبل HEPT کے سکریٹری غزال مہدی نے مشن کے چار سالہ سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 16 اکتوبر 2022 کو مہدی ولا، نہٹور میں چند کرسیوں، ایک اسٹول اور بنیادی طبی جانچ کے آلات کے ساتھ شوگر اور بلڈ پریشر جانچ و کاؤنسلنگ سینٹر قائم کرکے اس پہل کا آغاز کیا گیا تھا۔

ریلی سے قبل لوگوں نے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، باقاعدگی سے طبی جانچ کرانے، تمباکو نوشی، تمباکو اور نشہ آور اشیاء سے دور رہنے اور موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے گریز کرنے کا عہد کیا۔
یہ ریلی گزشتہ دو ماہ کے دوران نہٹور کے انٹر کالجوں اور سینئر سیکنڈری اسکولوں میں منعقد کیے گئے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر سے متعلق بیداری پروگراموں اور سی پی آر ورکشاپس کا تسلسل تھی۔ ان پروگراموں کے ذریعے تعلیمی اداروں کے 831 طلبہ اور 48 اساتذہ و پرنسپل تک رسائی حاصل کی گئی۔ طلبہ اور اساتذہ کو شوگر، بلڈ پریشر، احتیاطی تدابیر اور زندگی بچانے والی سی پی آر تکنیک کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ عملی مشق بھی کرائی گئی۔

مہدی ولا میں قائم شوگر اور بلڈ پریشر جانچ و کاؤنسلنگ سینٹر ہر اتوار صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مفت خدمات فراہم کرتا ہے، جہاں شوگر، بلڈ پریشر، آکسیجن، نبض اور وزن کی جانچ کے ساتھ صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق مشورے بھی دیے جاتے ہیں۔ مزید طبی نگہداشت کے ضرورت مند مریضوں کو سرکاری طبی مراکز سے جوڑا جاتا ہے۔ اب تک 223 جانچ و مشاورتی کیمپ منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں 4,000 سے زائد افراد کی جانچ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 600 سے زائد افراد کو سرکاری کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں کے ذریعے مفت علاج اور ادویات کی سہولت سے مستفید ہونے کے لیے مربوط کیا گیا ہے۔
صحت مند نہٹور مشن کے سرپرست ڈاکٹر وکاس کمار تیاگی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے والدین اور اہلِ خانہ کو شوگر اور بلڈ پریشر کی باقاعدہ جانچ کرانے کی ترغیب دیں۔ محکمۂ صحت کے وفد کے سربراہ ڈاکٹر سمیر بھٹناگر نے HEPT کی کوششوں کو سراہتے ہوئے قومی غیر متعدی امراض کی روک تھام اور کنٹرول پروگرام (NP-NCD) کے مقاصد کے حصول میں اس کے تعاون کی تعریف کی۔ ان کےساتھ ضلع ہیلتھ پروگرام منیجر فاروق عزیز بھی موجود تھے۔ انہوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اس پہل کو سراہا اور HEPT کے سکریٹری غزال مہدی اور ان کی ٹیم کی عوامی خدمات کی ستائش کی۔

میجر (ریٹائرڈ) چرن سنگھ شرما اور مشن کے کارکن اطاعت حسین کی قیادت میں ریلی گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سے شروع ہوئی اور صدر بازار، محکمہ اور عبداللہ چوک سے گزرتی ہوئی مہدی ولا میں واقع مفت شوگر اور بلڈ پریشر جانچ و کاؤنسلنگ سینٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔ راستے میں مختلف مقامات پر بینر آویزاں کرکے ریلی کا استقبال کیا گیا اور شرکاء کے لیے پینے کے صاف پانی کا انتظام بھی کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں انکور جین نے تمام شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔
ریلی میں شہر کی نمایاں شخصیات میں ناظم انصاری، محفوظ علی، رضوان انصاری، نوید اقبال، مثال مہدی، وارڈ ممبر ریاست بونٹس اور ای رکشہ یونین کے سکریٹری جاوید جاٹ شامل تھے۔

ذیابیطس کا عالمی دن (World Diabetes Day) ہر سال 14 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس تاریخ کا انتخاب انسولین کے شریک دریافت کنندہ فریڈرک بینٹنگ کی پیدائش (1891) کی مناسبت سے کیا گیا۔ اس کا آغاز 1991 میں انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن اور عالمی ادارۂ صحت نے کیا، اور 2006 میں اقوام متحدہ نے بھی اسے باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا۔ اس کا مقصد ذیابیطس کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے۔

