qaumikhabrein
Image default
uncategorized

عزالدین نے قرآن کی  سورتوں کو  اشاروں میں ڈھال دیا۔

ایک انسان نے اپنی زندگی کے دو سال صرف اس مقصد کے لیے وقف کر دے کہ وہ لوگ بھی قرآنِ پاک کو سمجھ سکیں جو سن نہیں سکتے، جن کے کان آوازوں سے محروم ہیں، مگر دل اللہ کے کلام کو سننے کی تڑپ رکھتے ہیں؟

یہ ہیں عراق کے شہر اربیل سے تعلق رکھنے والے عزالدین حامد مصطفیٰ” …

وہ ایک ماہرِ تعلیم اور اشاروں کی زبان کا مترجم ہے۔ لیکن اس نے جو کام کیا ہے، وہ شاید بڑے بڑے عہدوں اور دولت والوں کے حصے میں بھی نہیں آتا۔

عزالدین حامد مصطفیٰ نے اپنی زندگی کے دو قیمتی سال قرآنِ پاک کی تمام 114 سورتوں کو کرد اشاروں کی زبان میں منتقل کرنے کے لیے وقف کر دیے۔

قرآن کی ایک ایک سورت، ایک ایک آیت اور اس کے مفہوم کو ایسے انداز میں پیش کرنا کہ سماعت سے محروم افراد بھی اللہ کے پیغام تک رسائی حاصل کر سکیں۔ یہ محض ترجمے کا کام نہیں تھا، بلکہ ایک ایسی خاموش دنیا تک روشنی پہنچانے کی کوشش تھی جہاں آواز تو نہیں پہنچتی، مگر ایمان کے جذبات پوری شدت سے موجود ہوتے ہیں۔

ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو قرآن پڑھ سکتے ہیں، سن سکتے ہیں، سمجھ سکتے ہیں، مگر پھر بھی مہینوں قرآن کھول کر نہیں دیکھتے؟ اور دوسری طرف ایک شخص ہے جس نے ان لوگوں کے لیے قرآن کے پیغام کو قابلِ فہم بنانے کی خاطر دو سال کی مسلسل محنت کر ڈالی جنہیں عام طور پر ہم اپنی گفتگو اور محفلوں میں شامل کرنا بھی بھول جاتے ہیں۔ اس عظیم کام کا جائزہ ہائر فتویٰ کمیٹی نے لیا اور منظوری دی، جبکہ کردستان اسلامک اسکالرز یونین نے اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے نامزد کیا۔

ہم اکثر اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا بھول جاتے ہیں۔ ہمارے کان کام کرتے ہیں، ہماری زبان بولتی ہے، ہماری آنکھیں دیکھتی ہیں، مگر کیا ہم نے کبھی سوچا کہ ان نعمتوں کو اللہ کی رضا کے لیے کتنا استعمال کیا؟

عزالدین حامد مصطفیٰ نے اپنی صلاحیت کو ایک ایسے مقصد کے لیے استعمال کیا جس سے سماعت سے محروم  ہزاروں افراد مستفید ہو سکتے ہیں۔

اللہ نے ہر انسان کو کوئی نہ کوئی صلاحیت دی ہے، اصل کمال یہ ہے کہ آپ اس صلاحیت سے کسی دوسرے کی زندگی میں روشنی کیسے پیدا کرتے ہیں۔

کسی کے پاس دولت ہے تو وہ کسی کی مدد کر سکتا ہے، کسی کے پاس علم ہے تو وہ جہالت کا اندھیرا مٹا سکتا ہے، کسی کے پاس آواز ہے تو وہ حق کی بات کر سکتا ہے، اور کسی کے پاس اشاروں کی زبان ہے تو وہ خاموش دلوں تک بھی اللہ کا پیغام پہنچا سکتا ہے۔

یاد رکھیے! نیکی کے لیے بڑے وسائل نہیں، بڑا دل اور مضبوط ارادہ چاہیے۔

عزالدین حامد مصطفیٰ جیسے لوگ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ قرآن صرف پڑھنے کی کتاب نہیں، یہ انسانیت تک پہنچانے کا پیغام بھی ہے۔

سلام ہے اس انسان کی محنت، جذبے اور اس سوچ کو جس نےان لوگوں کے لیے قرآن کے پیغام کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی جن کی دنیا آوازوں سے خالی ہے، مگر جن کے دل اللہ کے ذکر سے آباد ہو سکتے ہیں۔

Related posts

امروہا سے مسقط تک: ہاکی کا درویش سید علی سبطین نقوی

qaumikhabrein

غزہ میں مکینیکل انجینئرنگ کا استاد دانے دانے کو محتاج

qaumikhabrein

شکریہ ایران۔ امریکہ کی دادا گیری  ختم کرنے کے لئے۔

qaumikhabrein

Leave a Comment