qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

علامہ شہباز امروہوی.روشن ضمیر اور صاحبِ بصیرت شاعر

اردو شاعری کی تاریخ میں طنز و مزاح کو ہمیشہ ایک خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ یہ محض تفریحِ طبع یا ہنسانے کا وسیلہ نہیں بلکہ انسانی زندگی کے تضادات، معاشرتی ناہمواریوں، اخلاقی زوال، سیاسی بے اعتدالیوں اور سماجی منافقت کو بے نقاب کرنے کا ایک مؤثر ادبی ذریعہ بھی ہے۔ اس صنف کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ تلخ سے تلخ حقیقت کو بھی ایسی شگفتگی اور دل نشینی کے ساتھ پیش کرتی ہے کہ قاری یا سامع محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ سوچنے پر بھی مجبور ہو جاتا ہے۔

اردو کے طنزیہ و مزاحیہ ادب میں اکبر الہ آبادی، پطرس بخاری، ظریف لکھنوی اور دیگر ممتاز اہلِ قلم نے اپنے اپنے انداز میں اس روایت کو مالا مال کیا ہے۔ اسی سلسلۂ فکر و فن میں علامہ شہباز امروہوی کا نام بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ ایسے شاعر تھے جنہوں نے طنز و مزاح کو محض قہقہے پیدا کرنے کا وسیلہ نہیں بنایا بلکہ اسے معاشرتی اصلاح، انسانی شعور کی بیداری اور زندگی کی حقیقتوں سے آگاہی کا ذریعہ بنایا۔

ان کی شاعری میں شگفتگی بھی ہے، فکر بھی، ظرافت بھی ہے، بصیرت بھی اور سب سے بڑھ کر ایک درد مند انسان کا احساس بھی ہے ۔

شہباز امروہوی صاحب کا اصل نام سلطان احمد صدیقی تھا۔ آپ 23جنوری 1910ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے اور یکم جون سنہء 1985 کو وفات پائی ۔

آپ کا ابتدائی تخلص مسلم تھا اور ابتدا میں آپ نے سنجیدہ شاعری کی۔ دس سال کی عمر میں شعر گوئی کا آغاز کرنا آپ کے فطری شعری ذوق اور غیر معمولی تخلیقی صلاحیت کا ثبوت ہے۔

آپ نے فارسی زبان و ادب کی تعلیم کے بعد انگریزی کی طرف توجہ دی اور 1928ء میں میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ تدریس کے پیشے سے بھی آپ کا گہرا تعلق رہا۔ سولہ برس تک ہندو کالج امروہہ میں معلم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

1955ء میں ممبئی قیام کے دوران آپ نے مسلم کے بجائے شہباز تخلص اختیار کیا اور اپنی شاعری کو طنز و مزاح کے مخصوص رنگ سے آراستہ کیا۔ یہ تبدیلی محض تخلص کی تبدیلی نہیں تھی بلکہ ایک نئے شعری مزاج اور تخلیقی شناخت کی تشکیل بھی تھی۔

زندگی نے آپ کو ایک نہایت مشکل آزمائش سے بھی دوچار کیا۔ 1942 میں آنکھوں میں تکلیف شروع ہوئی۔ علاج معالجے کی تمام تر کوششوں کے باوجود 1945 میں آپ بصارت سے محروم ہوگئے۔

ایک ایسے شخص کے لیے جو زندگی کے رنگوں، انسانی چہروں، مناظر اور معاشرتی مظاہر کو دیکھنے کا عادی ہو اچانک بصارت سے محروم ہوجانا یقیناً ایک شدید آزمائش بھی ہے اور کرب انگیز بھی۔ لیکن شہباز امروہوی کی شخصیت کا ایک غیر معمولی پہلو یہ ہے کہ انہوں نے اس محرومی کو اپنی تخلیقی قوت پر غالب نہیں آنے دیا۔

ان کی شاعری اس بات کی گواہ ہے کہ آنکھوں کی بصارت ختم ہوجانے کے باوجود باطن کی بصیرت زندہ رہ سکتی ہے۔ ان کے مشاہدے کی گہرائی، انسانی رویوں کی شناخت اور معاشرتی تضادات کا ادراک اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ زندگی کو صرف ظاہری آنکھ سے نہیں بلکہ ایک حساس اور روشن ضمیر ذہن سے دیکھتے تھے۔

یہاں ایک بات قابلِ غور ہے کہ طنز نگار کی اصل قوت محض ظاہری مشاہدہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے پوشیدہ حقیقت کو دریافت کرنے کی صلاحیت ہے۔ شہباز امروہوی اسی صلاحیت کے حامل تھے۔

امروہہ اردو زبان و ادب کی ایک زرخیز سرزمین ہے۔ اس شہر نے مختلف ادوار میں علم و ادب کی ایسی شخصیات پیدا کیں جنہوں نے اردو کی تہذیبی اور ادبی روایت کو استحکام بخشا۔

شہباز امروہوی بھی اسی ادبی سرزمین کے قابلِ فخر فرزند تھے۔ ان کی شخصیت صرف ادبی حلقوں تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ عوامی سطح پر بھی بے حد مقبول تھے۔ ان کے مزاج میں شگفتگی، خلوص، انکسار اور زندہ دلی کی ایسی آمیزش تھی کہ جو شخص ایک مرتبہ ان کی صحبت میں بیٹھتا ان کا گرویدہ ہوجاتا۔

وہ منکسرالمزاج، مرنجان و مرنج، نیک دل اور خوش اخلاق انسان تھے۔ محفلوں میں ان کی موجودگی نہ صرف رونق کا سبب بنتی بلکہ محفل کے وقار اور سنجیدگی میں بھی اضافہ کرتی تھی۔

ان کی شخصیت اور شاعری میں ایک خوب صورت ہم آہنگی دکھائی دیتی ہے۔ جس طرح ان کے مزاج میں شائستگی اور شگفتگی تھی اسی طرح ان کے طنز و مزاح میں بھی تہذیب، متانت اور دل نشینی کا عنصر غالب ہے۔

انہوں نے ہندوستان بھر کے مشاعروں میں شرکت کی اور پاکستان میں بھی ان کی پذیرائی ہوئی۔ وہاں ان کے اعزاز میں شعری محفلوں کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی شاعری جغرافیائی حدود سے ماورا ہوکر اہلِ ذوق کے دلوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔

طنز و مزاح کی حقیقت کو سمجھنے کے لیے ان دونوں اصطلاحات کے فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔

مزاح کا بنیادی مقصد انسانی زندگی کے کسی دلچسپ، غیر متوقع یا متضاد پہلو کو اس انداز سے پیش کرنا ہے کہ قاری یا سامع کے لبوں پر مسکراہٹ آجائے۔ اس کے برعکس طنز کا مقصد کسی خرابی، تضاد، ناانصافی، منافقت یا معاشرتی برائی کو نمایاں کرنا ہوتا ہے۔

البتہ اعلیٰ درجے کی طنزیہ شاعری میں یہ دونوں عناصر ایک دوسرے سے جدا نہیں رہتے۔ مزاح، طنز کی تلخی کو کم کرتا ہے اور طنز، مزاح کو محض تفریح بننے سے بچاتا ہے۔

شہباز امروہوی کے فن کا بنیادی امتیاز یہی ہے کہ ان کے یہاں مزاح کے پردے میں طنز اور طنز کے پس منظر میں اصلاحی فکر موجود ہے۔

وہ قاری کو ہنساتے ضرور ہیں لیکن اس ہنسی کے بعد ذہن میں ایک سوال بھی چھوڑ جاتے ہیں۔ ان کا مقصد کسی فرد کی تضحیک نہیں بلکہ اس رویے، سوچ یا نظام کی نشان دہی ہے جو انسانی زندگی کو نقصان پہنچاتا ہے۔

شہباز امروہوی کے فن کا سب سے اہم پہلو ان کا درد مند دل ہے۔ ان کے یہاں طنز محض ذہنی شوخی یا لفظی بازی گری نہیں بلکہ ایک حساس انسان کا رد عمل ہے۔

شہباز امروہوی پر یوں تو میری گفتگو ان کے قطعات تک ہی محدود رہے گی لیکن اس حقیقت کو بھی آشکار کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ ان کی شاعری کے مزید جوہر نظموں، نعتوں اور مناقب میں کھلتے ہیں جہاں ان کی قادرالکلامی کا لوہا اہلِ دانش و بینش نے بھی مانا ہے۔

محقق، نقاد، شاعر، ماہر عروض اور مترجم برادرِ خورد جنید اکرم فاروقی کے بقول پروفیسر خلیق احمد نظامی صاحب نے ایک بار گفتگو کے دوران فرمایا تھاکہ میں سمجھتا ہوں  “مصحفی کے بعد شہباز امروہہ کے دوسرے بڑے شاعر ہیں۔‘‘

پروفیسر خلیق احمد نظامی جیسی علمی و ادبی شخصیت کی یہ رائے شہباز امروہوی کے شعری مرتبے کا غیر معمولی اعتراف ہے۔ یہ کسی مصلحت یا رسمی ستائش کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک صاحبِ نظر ناقد کی طرف سے شاعر کے فن کا بے ساختہ اعتراف ہے۔ جنید اکرم فاروقی کا یہ حوالہ بھی اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس کے ذریعے ہمیں شہباز امروہوی کے مقام و مرتبے کے بارے میں ایک معتبر ادبی رائے تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

شہباز امروہوی کی ادبی تربیت کے حوالے سے میر افق کاظمی امروہوی کا ذکر بھی ناگزیر ہے۔ شہباز صاحب اور امروہہ کے دیگر معتبر شعراء کرام بھی ان سے مشورۂ سخن کرتے تھے۔ مثلاً ماسٹر عبدالرؤف صاحب رؤف امروہوی ۔

 میر افق کاظمی محلہ کٹکوئی، امروہہ کے رہنے والے تھے اور خود بھی قادرالکلام شاعر تھے۔

افق کاظمی صاحب کا پورا نام سید حبیب احمد تھا تخلص افق تھا ۔

وہ عربی و فارسی علوم میں غیر معمولی دسترس رکھتے تھے ۔ خاص طور پر فارسی زبان و ادب اور تاریخ گوئی (قطعاتِ تاریخ) کہنے میں ان کی مہارت مسلمہ تھی ۔

قیامِ پاکستان سے قبل ان کا رسالہ ” شاعر” امروہہ سے شائع ہوتا تھا اس کی محدود مدت یعنی 1928 سے لیکر 1930 تک رہی پھر وہ ملتان منتقل ہوگئے ۔

 پھر یہی رسالہ 15 فروری 1930 میں علامہ سیماب اکبرآبادی نے آگرہ سے جاری کیا جو بعد میں ممبئی منتقل ہوا ۔

 اس نسبت کا ذکر شہباز امروہوی کے شعری سفر اور ان کی فنّی تربیت کے پس منظر کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔

ان تمام حوالوں کی روشنی میں شہباز امروہوی کی شخصیت اور فن کا مطالعہ کیا جائے تو ان کا ادبی وجود محض ایک مزاح گو شاعر کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت قادرالکلام شاعر کی حیثیت سے سامنے آتا ہے۔

نمونۂ کلام

قطعات

عیاں ہے سازِ ظرافت سے سوزِ دل میرا

نہاں ہے دل کی لگی، دل لگی کے پردے میں

یہ قہقے نہیں شہباز میرے نالے ہیں

بہا رہا ہوں میں آنسو ہنسی کے پردے میں

عید کے روز بھی ملّا کو ہے جھگڑا منظور

آج گھر سے کہیں باہر نہ اسے جانے دو

بدعتی اور وہابی کو لڑاکر باہم

ایک قصبے میں کرادے گا یہ دوگانے دو

آتے ہی فصلِ سرما ہر گھر میں عورتوں نے

سب بند کر دئیے ہیں دنیا کے کام دھندے

بنتی ہے اک سویٹر، سیتی ہے اک رضائی

یہ ڈالتی ہے ڈورے وہ ڈالتی ہے پھندے

ہو رہا تھا شاد میں سرجن کے اس اخلاق پر

وارڈ میں کر لی جو بھرتی اس نے اک قلّاش کی

بولی چپکے سے یہ فوراً، ایک نرسِ رازدار

میڈیکل کالج سے مانگ آئی ہے آج اک لاش کی

چکّر میں سیاست کے خطابت بھی گئ

منبر پہ جو حاصل تھی وہ عظمت بھی گئ

کونسل کی صدارت تو انھیں کیا ملتی

مولانا سے مسجد کی امامت بھی گئ

اہلیہ نے شیخ جُمّن کی سنی جب یہ خبر

ان کے شوہر میونسپلٹی کے ممبر ہو گئے

جا کے بولیں بی فہیمن سے کہ سنتی ہو بُوا

آج خَسنُودی کے ابّا بھی پیعمبر ہو گئے

میری تنخواہ تو اتنی بھی نہیں اے شہباز

ساگ بھی مجھ کو میسّر ہو جو چولائی کا

پھر بھی ہر روز اڑاتا ہوں جو میں دودھ دہی

ہے یہ سب فیض مری آمدِ بالائی کا

پڑھ رہا ہوں رات دن اس خوف سے

یا وکیلُ یا حفیظُ یا رقیب

کھل نہ جائے بھید رشوت کا کوئی

پینشن کا وقت ہے میری قریب

جس کے گھر کو بنا رہی ہو نَرک

کوئی پھوہڑ، چڑیل، ابھاگن نار

کیوں نہ مانگے وہ یہ دعا ہر وقت

وَقِنا رَبّنَا عَذَابَ النّار

ماحول کو اپنے جو بُرا کہتا ہے انساں

پیدا نہیں کرتا مگر اچھا کوئی ماحول

شہباز کچھ ایسا مجھے لگتا ہے کہ جیسے

شیطان ہی خود پڑھتا ہو شیطان پہ لاحول

پہنچے جو ایک رات سنیما میں شیخ جی

پیچھے تمام لوگوں کے بیٹھے وہ نیک نام

میں نے کہا یہ دیکھ کے ان کو کہ مرحبا

مسجد میں پیش امام سنیما میں پس امام

جاتا ہوں نہ مسجد میں نہ بت خانے میں

جی لگتا ہے پوجا میں نہ دو گانے میں

رٹ رکّھا ہے صرف اس لئے اللّہ کا نام

کام آتا ہے یہ نام قسم کھانے میں

محفلِ شعر و سخن میں جب صداۓ واہ وا

چھت اڑا کر گنبدِ گردوں سے ٹکرانے لگی

شور و غوغا داد کا سن کر یہ بولے کچھ گنوار

آج تو نو ہی بجے سے رات کتیانے لگی

ان کا مندرجہ ذیل قطعہ ان کے پورے شعری مزاج کی ترجمانی کرتا ہے۔

عیاں ہے سازِ ظرافت سے سوزِ دل میرا

نہاں ہے دل کی لگی، دل لگی کے پردے میں

یہ قہقے نہیں شہباز میرے نالے ہیں

بہا رہا ہوں میں آنسو ہنسی کے پردے میں

یہ قطعہ شہباز امروہوی کے فن کی کلید کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں شاعر نے اپنے مزاح کی حقیقت خود بیان کردی ہے۔ ان کے قہقہوں کے پیچھے ایک حساس دل کا کرب پوشیدہ ہے۔ ان کی دل لگی دراصل دل کی لگی کا پردہ ہے۔

شاعر کا سیاسی شعور بھی بیدار ہے۔ یہ قطعہ مذہبی اختلافات کو ذاتی انا اور گروہی تعصب کی نذر کرنے والے عناصر پر ایک بھر پور طنز ہے۔

عید کے روز بھی ملّا کو ہے جھگڑا منظور

آج گھر سے کہیں باہر نہ اسے جانے دو

بدعتی اور وہابی کو لڑاکر باہم

ایک قصبے میں کرادے گا یہ دوگانے دو

یہ قطعہ شہباز امروہوی کے مشاہدے اور روز مرہ زندگی سے مزاح پیدا کرنے کی صلاحیت کا عمدہ نمونہ ہے

آتے ہی فصلِ سرما ہر گھر میں عورتوں نے

سب بند کر دئیے ہیں دنیا کے کام دھندے

بنتی ہے اک سویٹر، سیتی ہے اک رضائی

یہ ڈالتی ہے ڈورے وہ ڈالتی ہے پھندے

یہ قطعہ طبّی ادارے اور پیشہ ورانہ اخلاقیات پر گہرا طنز ہے ۔ 

ہو رہا تھا شاد میں سرجن کے اس اخلاق پر

وارڈ میں کر لی جو بھرتی اس نے اک قلّاش کی

بولی چپکے سے یہ فوراً، ایک نرسِ رازدار

میڈیکل کالج سے مانگ آئی ہے آج اک لاش کی

اس قطعہ میں شاعر نے سیاسی مصلحتوں اور مذہبی منصب کے باہمی تعلق کو موضوع بنایا ہے۔ سیاست میں داخل ہونے کے نتیجے میں مذہبی شخصیت کا وہ وقار بھی متاثر ہوتا ہے جو اسے منبر و محراب سے حاصل تھا۔

 چکّر میں سیاست کے خطابت بھی گئی

منبر پہ جو حاصل تھی وہ عظمت بھی گئی

کونسل کی صدارت تو انہیں کیا ملتی

مولانا سے مسجد کی امامت بھی گئی

شہباز امروہوی کی شاعری کا ایک نمایاں فنّی وصف محاورات اور ضرب الامثال کا برجستہ استعمال ہے۔

شہباز امروہوی مذہبی اصطلاحات اور قرآنی الفاظ سے بھی مزاح پیدا کرنے کا ہنر رکھتے ہیں۔

اس نوع کے اشعار میں ایک اہم بات یہ ہے کہ شاعر مذہب کی اصل تعلیمات کو نشانہ نہیں بناتا بلکہ مذہبی الفاظ کو ذاتی مفادات یا غیر سنجیدہ رویوں کے لیے استعمال کرنے والے انسانوں کی طرف توجہ دلاتا ہے۔

علامہ شہباز امروہوی کے فن کا ایک نہایت اہم امتیاز ان کی شائستگی ہے۔

طنز نگاری میں یہ خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے کہ شاعر یا ادیب اپنے ہدف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تہذیب اور اخلاق کا دامن چھوڑ دے۔ لیکن شہباز امروہوی کے یہاں  یہ صورتِ حال پیدا نہیں ہوتی۔

ان کے مزاح میں ہلکی سی کسک، مفکرانہ شوخی، دھیما پن اور ایک خوشگوار لے موجود ہے۔ وہ الفاظ سے زیادہ خیالات کی شگفتگی کے ذریعے مزاح پیدا کرتے ہیں۔

شہباز امروہوی کی زندگی کا سب سے دردناک واقعہ ان کی بصارت سے محرومی ہے۔ ایک شخص جو زندگی کے مختلف مناظر کو دیکھتا رہا ہو اور اچانک اس نعمت سے محروم ہوجائے تو اس کے لیے یہ کتنا بڑا صدمہ ہوگا اس کا اندازہ وہی کرسکتا ہے جو اس تجربے کی سنگینی کو سمجھتا ہو۔

لیکن شہباز امروہوی نے اپنی محرومی کو اپنی شناخت نہیں بننے دیا۔ انہوں نے اپنی تخلیقی قوت، ذہنی تازگی اور مزاحیہ طبیعت کو برقرار رکھا۔

ان کی شاعری میں انسانی رویوں کی جو باریک بینی ملتی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے اندر مشاہدے کی ایک دوسری دنیا آباد تھی۔

ان کی زندگی ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ بصارت اور بصیرت دو الگ حقیقتیں ہیں۔ بصارت آنکھوں سے تعلق رکھتی ہے جب کہ بصیرت ذہن، شعور اور احساس سے پیدا ہوتی ہے۔

شہباز امروہوی کی شخصیت میں یہی باطنی بصیرت ان کے فن کی ایک بنیادی قوت بن کر سامنے آتی ہے۔

شہباز امروہوی کی شاعری کا ایک اہم وصف اس کی عوامی مقبولیت ہے۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کے موضوعات زندگی سے قریب تھے۔ وہ ایسے مسائل کو موضوع بناتے تھے جن سے عام آدمی کا روزانہ واسطہ پڑتا ہے۔

جاوید اکرم فاروقی۔مضمون نگار

سیاست، رشوت، معاشی تنگی، مذہبی منافقت، گھریلو زندگی، انسانی کمزوریاں اور معاشرتی تضادات ان کے موضوعات میں شامل تھے۔

ان کے یہاں زبان بھی نسبتاً سادہ، مانوس اور عوامی فہم کے قریب ہے۔ اسی لیے ان کے اشعار کو سمجھنے کے لیے کسی خاص علمی پس منظر کی ضرورت نہیں پڑتی البتہ ان کے طنز کی گہرائی کو سمجھنے کے لیے فکری بصیرت ضروری ہے۔

شہباز صاحب کی نظموں میں “مرزا غالب کے عناصر اربعہ، شاعر مشرق، طوطیِٔ ہند حضرت امیر خسرو (رح)

اور حکیم جی خصوصی توجہ کی طالب ہیں ۔

مضمون کی طوالت کی وجہ سے نعت و مناقب اور نظموں پر گفتگو ممکن نہیں ہے ۔

علامہ کی نظموں کے عنوانات ہی سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا تخلیقی ذہن کسی ایک موضوع یا محدود دائرۂ فکر کا پابند نہیں ۔

علامہ شہباز امروہوی کی نعتوں، منقبتوں اور نظموں کا مطالعہ یہ احساس دلاتا ہے کہ ان کی شاعری محض جذبات و احساسات کی ترجمان نہیں بلکہ ایک وسیع علمی، فکری اور تہذیبی شعور کی آئینہ دار ہے ۔ ان کے یہاں موضوعات کا تنوع، خیال کی ندرت، اظہار کی بے ساختگی اور زبان پر قدرت نمایاں طور پر محسوس ہوتی ہے ۔ یہی خصوصیات انھیں اپنے عہد کے شعراء میں ایک ممتاز مقام عطا کرتی ہے ۔

علّامہ شہباز ایک ماہرِ عروض اور قادر الکلام شاعر تھے اس لئے ایسی اغلاط کا تصوّر بھی ان کے یہاں محال ہے ۔لیکن مطبوعہ کلام جو پیشِ نظر ہے اس میں بہت عروضی خامیاں ہیں الفاظ کے آگے پیچھے ہو جانے سے مصرعے بحر سے خارج ہو گئے ہیں ۔

اہلِ علم سے گزارش ہے کہ جا بجا ان بے وزن مصرعوں کو کم سواد مرتب کی عروضی نا واقفیت پر محمول کیا جائے ورنہ ان اغلاط کی وجہ سے وہ شخص جو شہباز صاحب سے واقف نہ ہو اس غلط فہمی میں مبتلا ہو سکتا ہے کہ یہ غلطیاں شاعر سے ہوئی ہیں ۔ اس نا اہل تدوین کا اثر ایک ایسے شاعر کی ذات پر پڑتا ہے جس کی حیثیت فن کے استاد کی رہی ہے ۔

کسی شاعر کے کلام یا کلیات کو ایڈٹ کرنے کا حق صرف اسی شخص کو ہے جو اوزان و بحور اور الفاظ کے صحیح تلفظ سے اچھی طرح واقف ہو اور جس میں یہ وصف نہ ہو اسے اس کام کی جرأت نہیں کرنی چاہیے ورنہ وہ ادب کی خدمت نہیں بلکہ اسے نقصان پہنچاۓ گا جسے پڑھ کر عام قارئین گمراہ ہونگے ۔

(تحریرجاوید اکرم فاروقی امروہوی)

Related posts

اورنگ آباد میں ایکناتھ شندے کو سیاہ پرچم دکھائے جائیں گے۔

qaumikhabrein

اللہ کے نمائندے علم لدنی کے مالک ہوتے ہیں۔مولانا شہوار حسین

qaumikhabrein

منتشر اپوزیشن بی جے پی کے لیے سنجیونی۔۔سراج نقوی

qaumikhabrein

Leave a Comment