
ہر سال 20 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ یہ دن اقوامِ متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن کی منظوری کی یاد دلاتا ہے، جو 20 نومبر 1989 کو منظور ہوا تھا۔ یونیسیف اسے بچوں کے لیے اور بچوں کی طرف سے عمل کا عالمی دن کہتا ہے اور تقریباً 190 ممالک اس میں شریک ہوتے ہیں۔ اس سال یونیسیف نے اس دن کے لیے “میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل” کا عنوان رکھا ہے، جو بچوں کو اپنی بات خود کہنے والا فرد مانتا ہے۔ اسی دن امروہہ میں بچوں کی زبان سے ایک ایسے معصوم کا ذکر ہوا جس کی مظلومیت تاریخِ انسانی کا ایک گہرا زخم ہے، یعنی کربلا کے شہید حضرت علی اصغر علیہ السلام۔

پروگرام کا عنوان “ہیرو آف ورلڈ چلڈرنس ڈے: مجاہدِ کربلا علی اصغر” تھا۔ اس میں اسکولی بچوں کے تقریری سلسلے کے ساتھ منظوم خراجِ عقیدت کا بھی اہتمام تھا، اور بلاتفریقِ مذہب و ملت ہر شخص کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔پروگرام کی صدارت فیروز عادل نے کی۔ مہمان مقررین میں ڈاکٹر ناشر نقوی، ڈاکٹر جمشید کمال، گلزار عباس اور پروگرام کے صدر فیروز عادل شامل تھے۔اسٹیج پر سبط حیدر نقوی، سراج نقوی، حکیم باقر منتظر اور ولایت علی بھی موجود تھے۔

طلبا و طالبات کی طرف سے تقریریں کبیر حسن نقوی (امام المدارس انٹر کالج)، شہریار عمران (میسکو پبلک اسکول)، دانیہ صدیقی (ماڈرن پبلک اسکول) اور سیدہ فاطمہ زہرا رضوی (مشن ایجوکیشنل کوچنگ سینٹر) نے کیں۔ مقرر طلبا و طالبات نے جناب علی اصغر کی مظلومانہ شہادت کو انسانیت کا بھاری نقصان قرار دیا۔ تیر لگنے کے بعد ان کی مسکراہٹ کو انہوں نے ظلم کا مذاق اڑانے سے تعبیر کیا۔ مقررین نے کہا کہ دنیا بھر کے بچوں کے لیے علی اصغر ایک مثالی نمونہ ہیں، جنہوں نے اپنے والد کی آغوش میں رہ کر ظلم کے خلاف جہاد کیا۔ انکا کہنا تھا کہ جب ان کے بابا نے “ھل من ناصر” کی صدا بلند کی تو تین دن کی پیاس سے نڈھال ہونے کے باوجود انہوں نے اسلام کی نصرت کے لیے لبیک کہتے ہوئے خود کو گہوارے سے گرا دیا تھا۔

مقررین نے میناب سے لے کر غزہ تک بچوں پر ہونے والے مظالم کو انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ قرار دیا۔ کہا گیا کہ ہر دور میں جنگ، جدال اور ظلم و ستم کا نشانہ زیادہ تر بچے ہی بنتے ہیں۔ بچوں کے حقوق کی بڑی بڑی باتیں کی جاتی ہیں، لیکن دہشت گرد عناصر ان حقوق کو پیروں تلے روندتے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ علی اصغر علیہ السلام کو دنیا بھر کے بچوں کا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ عالمی یومِ اطفال کو “یومِ علی اصغر” کے طور پر منانے کا اعلان کرے۔

پروگرام میں شہر کے ممتاز شعرا نے جناب علی اصغر علیہ السلام کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔جن شعرا نے کلام پیش کیا ان میں ثمر مجتبیٰ، نوشہ امروہوی،واحد امروہوی، لیاقت امروہوی، ڈاکٹر مبارک جمال فہمی، ڈاکٹر ناصر، اشرف فراز، فرقان امروہوی، رضا شجاع، شاداب امروہوی، وسیم امروہوی، ، مہدی زیدی، فروغ احسن، بھون امروہوی، شاندار امروہوی، ، ناظم امروہوی، سامی امروہوی، ضیاء کاظمی، نوازش مرتضیٰ اورشاہنواز تقی، کے نام شامل ہیں۔
اس موقع پر مقررطلبا و طالبات کو سندِ شرکت اور انعامات دیے گئے۔ اس موقع پرمنصور صفدر نقوی کی تحریر کردہ کتاب “ہم تم دوست ہوئے” بھی تقسیم کی گئی۔ یہ کتاب بچوں کی پیڑ پودوں سے دوستی کے موضوع پر ہے اور ایک قصے کے ذریعے بچوں کو درختوں اور پودوں سے محبت کی ترغیب دیتی ہے۔
اس سال کے تھیم “میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل” کے پس منظر میں امروہہ کے بچوں کا ایک ہم عمر معصوم کی مظلومیت پر اپنی آواز بلند کرنا خاص معنی رکھتا ہے۔ بچے جب اپنی بات خود کہتے ہیں تو ان کی آواز میں وہ سچائی ہوتی ہے جو ہر بڑی تقریر میں نہیں ملتی۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ مطالبہ کب اور کس سطح پر سنا جاتا ہے۔

اس پروگرام کا اہتمام سادات امروہہ ویلفیئر آرگنائزیشن نے کیا، جس کے بانی الحاج حسن بن علی نقوی “رضن” ہیں۔ یہ تنظیم 2008 میں دہلی میں امروہہ کے کچھ سرگرم افراد کے ذریعے قائم کی گئی تھی۔ ضرورت مندوں کی مدد و اعانت کے ساتھ ساتھ یہ تنظیم ملک و ملت کا نام روشن کرنے والی شخصیات کو انعام و اکرام سے نوازنے کا کام بھی کرتی ہے۔ آرگنائزیشن شعرا اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہے اور “وابستہ” کے عنوان سے ایک آن لائن مجلہ بھی شائع کرتی ہے
