qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

  امروہا میں رہبر شناسی کی رسم اجرا۔

شاعر، مداح اہل بیت اور تحت اللفظ مرثیہ خواں ڈاکٹر لاڈلے رہبر کی  ادبی خدمات اور شخصیت پر تحریر مضامین کے مجموعے ‘رہبر شناسی’ کی رسم اجرا انجام دی گئی۔ محلہ گزری کے عزا خانہ علمدار علی خاں میں سادہ مگر پروقار  رسم  اجرا کی تقریب لاڈلے رہبر کے  استاد شان حیدر بے باک کی صدارت میں منعقدہ  ہوئی جبکہ اسٹیج پرمرکز و  موضوع کتاب  ڈاکٹر لاڈلے رہبر،استاد شاعر مسرور جوہر،آئی ایم انٹر کالج کے پرنسپل جمشید کمال، شاعر اہل بیت حسن امام، محقق اور ناقد  ڈاکٹر مصباح صدیقی، لیاقت امروہوی، ڈاکٹر مبارک امروہوی اور خورشید زیدی موجود تھے ۔تقریب کی نظامت ڈاکٹر ناصر امروہوی نے کی۔

 ڈاکٹر  لاڈلے رہبر صاحب طرز  اور زود گو شاعرکی حیثیت سے علم و ادب کی دنیا میں  اپنی شناخت رکھتے  ہیں۔ انکے کلام کے تین مجموعے اب تک منظر عام پر آچکے ہیں ۔ غزلوں کا مجموعہ ‘حریف تیرگی’، نعتوں اور منقبتوں کے مجموعے، ‘نقوش لم یزل’ اور ‘نفوس مطمئن’ سخن فہموں کی داد و تحسین حاصل کرچکے ہیں۔ ‘رہبر شناسی’ ڈاکٹر لاڈلے کی  ادبی خدمات، شعری محاسن اور انکی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر ناقدین ادب کی تحریروں کا مجموعہ ہے۔ جسے انکے برادر خورد ڈاکٹر چندن نقوی نے ترتیب دیا ہے۔ تقریب میں مقررین نے لاڈلے رہبر کی شخصیت اور شاعری کا مختلف جہات سے جائزہ لیتے ہوئے جو کچھ کہا اسکا خلاصہ یہ ہیکہ سید محمد بن علی  یعنی ڈاکٹر لاڈلے رہبر کی شخصیت کو اگر انکے کلام  کے آئینے میں  دیکھا جائے تو وہ  محمد و آل محمد کے عشق و عقیدت میں سرشار، صلح کل میں یقین رکھنے والے۔ خیال خاطر احباب کے جویا،اخوت و بھائی چارے کے شیدا اورایک ایمانی اور روحانی اقدار و روایات سے مزین سماج کی تشکیل  میں کوشاں  نظر آتے ہیں۔۔ وہ اپنے اشعار کے ذریعے مسلمانوں کے ضمیر کو کبھی جھنجھوڑے ہیں تو کبھی کچوکے لگاتے ہیں۔

 اردو ادب کا یہ المیہ رہا ہیکہ اہل قلم کی قدر اسکے دنیا سے گزر جانے کے بعد ہوتی ہے۔ بعد از مرگ اسکی شان میں قصیدے بھی پڑھے جاتے ہیں اور مضامین بھی لکھے جاتے ہیں۔ خوش قسمت ہیں وہ سخنور اور اہل قلم جنہیں انکے جیتے جی شایان شان طریقے سے خراج تحسین بھی پیش کیا جاتا ہے اور انکی نگارشات کی پزیرائی بھی ہوتی ہے۔ اردو ادب کے ان خوش قسمتوں کی صف میں لاڈلے رہبر بھی شامل ہو گئے ہیں جنکی ادبی خدمات پر انکی زندگی میں ایک کتاب  شائع  ہوئی ہے۔

 ‘رہبر شناسی’ کی رسم اجرا کی تقریب کا اہتمام سادات امروہا ویلفئر آرگنائزیشن دہلی  کی جانب  سے کیا گیا تھا۔تقریب میں بڑی تعداد میں  شعر و ادب کے شائقین موجود تھے۔

Related posts

لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہرپاکستانیوں کا احتجاج

qaumikhabrein

اپنے شہریوں کو کم ویکسین لگائی دنیا بھر کو زیادہ سپلائی کی۔ یو این میں ہندستانی نمائندے کااعتراف۔

qaumikhabrein

کرگل میں’امام خمینی، عالمی اتحاد کا محور’ کے عنوان سے سیمینار

qaumikhabrein

Leave a Comment