qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگسیاستقومی و عالمی خبریں

برطانیہ میں “فلسطین ایکشن” کے 6 رضاکار بھوک ہڑتال پر

برطانیہ میں فلسطینی کاز کی حمایت میں حراست میں لئے گئے متعدد رضاکار بھوک ہڑتال پر ہیَں۔اطلاعات کے مطابق فلسطین ایکشن کے حراست میں لیے گئے چھ کارکنوں کی طویل بھوک ہڑتال جان لیوا مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ۔ 800 سے زیادہ طبی ماہرین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مناسب علاج نہ ملنے کی صورت میں قیدی جیل میں ہی دم توڑ سکتے ہیں۔

میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں گرفتار کئے گئے فلسطین ایکشن کے چھ کارکنوں کو ہفتوں سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث فوری طور پر موت کے خطرے کا سامنا ہے۔ سینکڑوں برطانوی طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جیل میں انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 800 سے زیادہ ڈاکٹروں، نرسوں، معالجین اور ‌فزیو تھراپی ماہرین نے برطانیہ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے قانونی امور ڈیوڈ لیمی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر اس سلسلے میں فوری مداخلت نہیں کی گئی تو اس بات کا حقیقی اور بڑھتا ہوا خدشہ ہے کہ یہ نوجوان برطانوی شہری جیل ہی میں جان کی بازی ہار سکتے ہیں حالانکہ انہیں تاحال کسی جرم میں مجرم بھی قرار نہیں دیا گیاہے۔

دریں اثنا، لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایمرجنسی فزیشن اور یونیورسٹی لیکچرر جیمز اسمتھ نے کہا ہے کہ “سادہ الفاظ میں، بھوک ہڑتال کرنے والے مر رہے ہیں۔ وہ سب ایک نہایت نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔”بھوک ہڑتال کرنے والے 6 برطانوی شہریوں میں لیوی چیرامیلو، جو ذیابیطس (شوگر) کے مریض ہیں، جزوی بھوک ہڑتال پر ہیں اور ہر دوسرے دن کھانے سے انکار کر رہے ہیں۔ فلسطین ایکشن تنظیم کے یہ ارکان برطانیہ کی پانچ مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ جولائی میں فلسطین ایکشن تنظیم پر ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے کر پابندی لگادی گئی تھی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کی سرگرمیوں کا مقصد اسرائیل کے مبینہ جنگی جرائم میں برطانیہ کی شراکت کو روکنا ہے۔بھوک ہڑتال کرنے والے فوری ضمانت، منصفانہ ٹرائل اور فلسطین ایکشن پر پابندی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Related posts

کیا ‘نیا دور’ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ یوپی حکومت کچھ بتائے تو

qaumikhabrein

سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر پابندی لگا دی گئی۔

qaumikhabrein

امریکی فوجیوں کی عراق و شام کی سرحدوں پر نقل و حرکت میں اضافہ۔

qaumikhabrein

Leave a Comment