qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

نہٹور میں عقیدت، امن و اتحاد کے ساتھ منایا یومِ عاشورہ

یوم عاشورہ کو نواسۂ رسول حضرت امام حسین اور رفقائے شہدائے کربلا کی عظیم اور لازوال قربانی کی یاد  نہٹور میں بھی منائی گئی۔ اس موقع پر  نہٹور میں مذہبی جوش و جذبے، نظم و ضبط، امن، بھائی چارے اور احترامِ باہمی  کا موحول دیکھنے کو ملا۔۔۔ عزاداروں نے اس عہد کی تجدید کی کہ واقعۂ کربلا کا پیغام صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر دور میں ظلم، جبر، استبداد، ناانصافی، نفرت اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف حق، انصاف، آزادی، انسانی وقار اور باہمی احترام کی جدوجہد کا ابدی منشور ہے۔

حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کرنے کے لیے 10 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حکیمان سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ میر ابن حسن، مہدی ولا پہنچا، جہاں الوداعی مجلس برپا ہوئی۔ اس موقع پر انجمن پاسبانِ عزا کے منظم ماتمی دستے نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔ “لبیک یا حسینؑ”، “ھیہات منا الذلۃ” (ذلت ہم پر حرام ہے) اور “نعرۂ تکبیر” کی پرجوش صداؤں سے فضا گونج اٹھی ۔

امامیہ مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کی گئی، جس کے بعد مہدی ولا سے جلوس اپنے آخری مرحلے کی جانب روانہ ہوا۔ عزاداروں نے شدید گرمی، تپتی دھوپ اور جلتی ہوئی سڑکوں پر تقریباً تین کلومیٹر کا سفر برہنہ پا طے کرتے ہوئے گانگن ندی کے کنارے واقع کربلا پہنچ کر تعزیوں کی تدفین کی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور فضا رنج و الم کے ساتھ ساتھ عزم و حوصلے کے جذبات سے بھی معمور نظر آ رہی تھی۔

جلوس کے شرکاء نے اس عہد کی تجدید کی کہ وہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات اور حسینی فکر سے مسلسل رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے، ہر قسم کے ظلم، جبر، استبداد، فرقہ واریت اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں گے، اور آزادیِ انسان، دوسرے کی رائے کے احترام، مذہبی رواداری، انسانی بھائی چارے، سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور خدمتِ خلق کے فروغ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔

انجمن پاسبانِ عزا کی جانب سے انجمن کے صدر مثال مہدی نے مقامی انتظامیہ، بالخصوص پولیس انتظامیہ، نگر پالیکا، محکمۂ بجلی، وارڈ ممبران اور دیگر متعلقہ محکموں کا یومِ عاشورا کے پرامن اور منظم انعقاد میں بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے نہٹور کے اہلِ سنت برادران اور غیر مسلم شہریوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے گزشتہ دس دنوں کے دوران امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مختلف مقامات پر عزاداروں اور عوام کے لیے سبیلوں، ٹھنڈے پانی، شربت اور دیگر رفاہی انتظامات کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی باہمی احترام، مذہبی رواداری اور مشترکہ انسانی اقدار نہٹور کی پہچان ہیں اور یہی حضرت امام حسینؑ کے آفاقی پیغامِ حق، عدل، صبر، ایثار اور انسان دوستی کی حقیقی روح بھی ہے۔ جلوس کی قیادت سرکردہ شیعہ و سُنّی حضرات نے کی جن میں علی حیدر، ڈاکٹر متانت حسین، غلام حسین، حافظ اطاعت حسین، جعفر حسین، سرکار حیدر، ندیم صدیقی، وصال مہدی، انتظار حسین، یوسف خاں وغیرہ شامل ہیں۔

Related posts

امروہا۔۔موذن کربلا،تصویر پیغمبرکے جشن ولادت پرمحفل مقاصدہ

qaumikhabrein

ڈھائی سو سے زائد کتابوں کا تخلیق کار مناظر عاشق ہرگانوی۔

qaumikhabrein

مولا علی کا کلام انسانی فلاح و بہبود کے لیے رہنما۔

qaumikhabrein

Leave a Comment