qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگسیاستقومی و عالمی خبریں

ایران این پی ٹی سے الگ ہونے پر غور کررہا ہے

ایران ان ملکوں میں شامل ہے جنہوں نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر این پی ٹی پر دستخط کئے اور چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک اس کی پابندی کی۔ اس معاہدے کی روح ایک سودا تھی کہ جو ملک ہتھیار نہ بنانے کا وعدہ کرے اور اپنی تنصیبات کو معائنے کے لئے کھلا رکھے، اسے پرامن مقاصد کے لئے جوہری ٹیکنالوجی کا حق ملے گا۔ ایران کا مؤقف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ اس نے اپنی طرف کا وعدہ پورا کیا، جبکہ دوسری طرف سے وعدے توڑے گئے۔ آج مجلس خبرگان کا یہ کہنا کہ معاہدے سے علیحدگی پر غور، دفاعی نظریے پر نظر ثانی اور مؤثر ڈیٹرنس کا قیام ناگزیر ضرورت اور قومی مطالبہ بن چکا ہے، اسی تلخ تجربے کا نتیجہ ہے۔

اس تجربے کی سب سے بڑی مثال 2015 کا معاہدہ ہے۔ ایران نے امریکہ، روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی جیسی چھ بڑی طاقتوں کے ساتھ برسوں مذاکرات کئے اور اپنی افزودگی کی سطح اور ذخیرہ بہت کم کیا۔ اس نے معائنے کا دنیا کا سب سے سخت نظام قبول کیا اور بین الاقوامی ایجنسی نے بار بار تصدیق کی کہ ایران معاہدے پر عمل کر رہا ہے۔ جو ملک جوہری ہتھیار بنانے پر تلا ہو وہ ایسا معاہدہ نہیں کرتا۔ ایران کے نزدیک یہ اس کی سنجیدگی کا سب سے بڑا ثبوت تھا۔

اس کے بدلے میں اسے جو ملنا تھا وہ کبھی پوری طرح نہیں ملا۔ پابندیاں ہٹانے کا وعدہ تھا، مگر بینک اور کمپنیاں امریکی دباؤ کے خوف سے ایران کے ساتھ لین دین سے کتراتی رہیں، اور ایرانی عوام کو معاہدے کا وہ فائدہ نظر نہیں آیا جس کی امید دلائی گئی تھی۔ پھر 2018 میں صدر ٹرمپ نے امریکہ کو یکطرفہ طور پر معاہدے سے نکال لیا اور پابندیاں پہلے سے زیادہ سخت کر دیں۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس نے اس کے بعد بھی تقریباً ایک سال تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، معائنہ کاروں کو رسائی دی اور یورپی ملکوں سے متبادل راستے کا انتظار کیا۔ لیکن کچھ حاصل نہ ہوا ۔ ایران کے نزدیک معاہدے کو توڑنے والا واشنگٹن ہے، تہران نہیں۔

معائنے کے نظام کے بارے میں بھی ایران کی شکایت سنگین ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ معائنے کے نام پر حاصل ہونے والی معلومات اس کے خلاف استعمال ہوئیں، اور انہی کی بنیاد پر امریکہ اور اسرائیل نے حملے کئے جن میں تنصیبات تباہ ہوئیں اور ملک کے سائنس دان مارے گئے۔ اسی بنا پر پارلیمنٹ نے ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کیا۔ جس ملک نے معائنے کو کھلے دل سے قبول کیا اور بدلے میں بمباری دیکھی، اس کے لئے یہ سوال فطری ہے کہ اس نظام میں رہنے کا فائدہ کیا ہے۔

اس کے ساتھ دوہرے معیار کا سوال ہے جو اس پوری بحث کی جان ہے۔ اسرائیل نے آج تک معاہدے پر دستخط نہیں کئے، اس کے پاس جوہری ہتھیار موجود سمجھے جاتے ہیں، اور وہ اپنی تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے سے انکاری ہے۔ اس پر نہ کوئی پابندی ہے اور نہ عالمی سطح پر کوئی دباؤ۔ بھارت اور پاکستان بھی معاہدے سے باہر رہ کر ایٹمی طاقت بنے اور دنیا نے آخرکار ان کی حقیقت تسلیم کر لی۔ ایران کے لئے اس کا مطلب یہ ہے کہ معاہدے کی پابندی کرنے والا سزا پاتا ہے اور باہر رہنے والا محفوظ رہتا ہے۔ ایسے میں معاہدے میں رہنے کی اخلاقی دلیل کمزور پڑ جاتی ہے۔

این پی ٹی سےعلیحدگی کے خلاف دی جانے والی دلیلوں میں تنہائی اور بائیکاٹ کا ذکر سب سے زیادہ ہوتا ہے، لیکن ایران کے لئے یہ کوئی نئی چیز نہیں۔ اس نے چالیس برس پابندیوں کے سائے میں گزارے ہیں اور اس دوران اپنی دفاعی صنعت کھڑی کی ہے۔ ڈرون اور میزائل ٹیکنالوجی میں اس کی ترقی اتنی نمایاں ہے کہ وہ خطے کے تصادم میں بڑی طاقتوں کا سامنا کرنے کے قابل ثابت ہوا۔ ایسے ملک کے لئے پابندیوں کی دھمکی کوئی اثر نہیں رکھتی ۔

عرب ملکوں کے ایٹمی دوڑ میں شامل ہونے کا خدشہ بھی ایران کے مطابق خوف کی اس سیاست کا حصہ ہے جو دہائیوں سے جاری ہے۔ ایران کا نام لے کر خلیجی ملکوں کو اربوں ڈالر کا اسلحہ بیچا جاتا رہا ہے، اور اس دوڑ کا اصل فائدہ اسلحہ ساز کمپنیوں کو پہنچا ہے۔ ایران کو خطرہ ثابت کرنا ان کے کاروبار کے لئے ضروری رہا ہے۔

ای پی ٹی  سے علیحدگی کا قانونی راستہ معاہدے کی شق دس میں موجود ہے، جس کے مطابق کوئی بھی رکن ملک غیر معمولی حالات میں تین ماہ کے نوٹس پر الگ ہو سکتا ہے۔ ایران کے حامیوں کا کہنا ہے کہ جب کسی ملک کی تنصیبات پر حملے ہوں اور اس کے سائنس دان مارے جائیں تو غیر معمولی حالات کی اس سے واضح مثال کیا ہو سکتی ہے۔ مجلس خبرگان اور پارلیمنٹ کے بیانات اسی بنیاد پر ہیں، اور ایران کے نزدیک یہ دباؤ کا ایک جائز ذریعہ بھی ہے کہ عالمی طاقتیں اسے مذاکرات میں سنجیدگی سے لیں۔

دوسری طرف مخالفین کی اپنی دلیلیں ہیں۔ مغربی ملک اور ایجنسی کے سربراہ کہتے ہیں کہ ایران نے 60 فیصد تک افزودگی کی جو کسی پر امن پروگرام کی ضرورت سے بہت زیادہ ہے

در  اصل بات اعتماد کی ہے۔امریکہ نے ہمیشہ عہد شکنی کی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ جب معاہدے کی پابندی کا انعام تحفظ کے بجائے حملہ ہو تو معاہدے میں رہنے کی دلیل خود ختم ہو جاتی ہے۔ ذمہ داری اب ان طاقتوں پر ہے جنہوں نے معاہدہ توڑا۔ایران  پر حملے کئے اسکے سائنسدانوں  کو مارا ۔اسکی اعلیٰ قیادت کو قتل کیا۔  بھاری جانی اور مالی نقصان کیا۔ ایران اگر جوہری طاقت بننے اور این پی ٹی سے الگ ہونے کے فیصلہ کرتا ہے تو اسکی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوگی۔

Related posts

qaumikhabrein

قلت کے دوران کورونا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں ہوئیں خراب۔ حد ہے لاپرواہی کی

qaumikhabrein

مصنوعی ذہانت کی مدد سے7 معروف شیعہ علما کی تصاویر تیار

qaumikhabrein

Leave a Comment