qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگجموں و کشمیرقومی و عالمی خبریں

کرگل لداخ میں عزائے ایامِ فاطمیہ پر عظیم الشان جلوس

بی  بی زہرا سلام اللہ علیہ کی شہادت کے سلسلے میں مجالس اور جلوس ہائے عزا کا سلسلہ اختتام پزیر ہو گیا۔کرگل لداخ میں ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں اور سوگواران نے دخترِ رسولِ اکرم حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کی یاد تازہ کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب اور خاندانِ عصمت و طہارت سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

عزائی جلوس جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ (JUIAKL) کے زیرِ اہتمام ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئے، جن میں شریک عزاداران مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی شہر کرگل میں جمع ہوئے۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے فاطمہ چوک، اثنا عشریہ چوک، خمینی چوک اور لال چوک سے گزرے اور بالآخر انقلاب منزل کرگل پر اختتام پذیر ہوئے۔

مرکزی جلوس عزا کی قیادت علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل نےکی، جبکہ اس موقع پر علمائے کرام، دینی و سماجی شخصیات، نوجوانوں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اور ہزاروں کی تعداد میں مومنین و محبانِ اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کی۔

شرکاء نے ماتم  و نوحہ خوانی اور دیگر روایتی طریقوں سے اظہارِ غم کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کو یاد کیا اور ان کی عظیم سیرت و تعلیمات پر عمل کرنے کا ِ عہد کیا۔

اختتامی پروگرام کی نظامت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محبوب علی خان وجدانی نے انجام دی۔

اس موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے خطاب کیا؛ جس میں آپ نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی بے مثال شخصیت، فضائل و مناقب، عظیم قربانیوں، مظلومیت اور شہادت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔شیخ ناظر مہدی محمدی نے ایامِ فاطمیہ کی تاریخی، دینی اور فکری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے رحلتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کو پیش آنے والے مصائب، مشکلات اور ناانصافیوں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ تاریخِ اسلام، سیرتِ اہل بیت علیہم السلام اور پیغامِ کربلا کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور حق، عدل و انصاف، شرافت، عزتِ نفس اور اصول پسندی جیسی بنیادی اسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

جلوسوں میں شریک عزاداران نے روایتی ماتمی انداز اور پرسوز نوحہ خوانی کے ذریعے اپنے غم و اندوہ کا اظہار کیا اور خاندانِ رسالت مآب سے اپنی غیر متزلزل محبت، وفاداری اور وابستگی کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اہل بیت علیہم السلام کی ان عظیم قربانیوں کو بھی یاد کیا گیا جو انہوں نے دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات، حق و صداقت اور اصولِ شریعت کے تحفظ کے لیے پیش کیں۔ پروگرام کے اختتام پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محبوب علی خان وجدانی نے جلوسِ عزاء اور اختتامی پروگرام کے پُرامن، منظم اور کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام اداروں، شخصیات اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بالخصوص ضلع انتظامیہ، محکمہ پولیس، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، پرنٹ و الکٹرانک میڈیا، رضاکاروں اور جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے تمام شعبہ جات اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون، بہترین انتظامات اور مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے علمائے کرام، سماجی و دینی شخصیات، رضاکاروں، عوامی نمائندوں اور تمام عزاداران کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی بھرپور شرکت اور تعاون سے یہ عظیم الشان پروگرام بخیر و خوبی پایۂ تکمیل کو پہنچا۔

قابلِ ذکر ہے کہ ایامِ فاطمیہ کا سلسلہ بیس دنوں تک جاری رہا۔ مجالسِ عزاء اور اختتامی جلوس میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت نے ایک مرتبہ پھر اہلِ کرگل کی حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور خاندانِ عصمت و طہارت سے گہری عقیدت و محبت، دینی وابستگی اور پیغامِ اہل بیت علیہم السلام سے والہانہ لگاؤ کی بھرپور عکاسی کی۔

Related posts

مولا علی کا کلام انسانی فلاح و بہبود کے لیے رہنما۔

qaumikhabrein

امروہا میں  دو روزہ محفل نور کا شاندار اہتمام

qaumikhabrein

 MIM ایم پی امتیاز جلیل میرا روڈ سے چناؤ لڑنے کے خواہاں

qaumikhabrein

Leave a Comment