
کورونا سے لڑنے کے لئے آپکے جسم میں کتنی طاقت ہے اسکا پتہ لگانے کے لئے ڈی آر ڈی او نے ایک کٹ تیار کی ہے۔ DIPCOVAN نامی یہ کٹ وین گارڈ ڈائگناسٹک کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔DIPCOVAN کٹ کے ذریعے آپ گھر بیٹھے یہ پتہ لگا سکتے ہیں کہ آپکے بدن میں کورونا سے لڑنے کے لئے ضروری اینٹی باڈیز یا پلازما موجود ہیں یا نہیں۔ فی الحال یہ کٹ ایک ہزار سے زیادہ مریضوں پر آزمائی جائےگی۔آئی سی ایم آر نے اسے اپریل میں منظوری دی تھی۔ جبکہ ڈی سی جی آئی نے اسے مئی میں منظوری دی ہے۔ جون کے پہلے ہفتے میں یہ کٹ بازار میں دستیاب ہوگی۔ کورونا کے خلاف جنگ میں اسے اہم مانا جارہا ہے۔

اینٹی باڈیز کا پتہ لگانے والی کٹ تیار کرنے سے پہلے ڈی آر ڈی او نے کورونا کے علاج کی دوا بھی تیار کی ہے۔ ٹو ڈی جی نامی یہ دوا گزشتہ دنوں لانچ کی گئی تھی۔ ڈی آر ڈی او کے مطابق ٹو ڈی جی دوا کورونا کے مریضوں کے لئے آکسیجن کی ضرورت کو کم کرےگی۔ کورونا کے اوسط اور سنگین مریضوں پر ٹو ڈی جی دوا کے ایمرجنسی استعمال کی فی الحال میڈیسن کنٹرول اتھارٹی ڈی سی جی آئی نے منظوری دی ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق ٹو ڈی جی کے کلینیکل ٹسیٹ سے معلوم ہوا کہ اس سے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کےآکسیجن پرانحصار کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ٹو ڈی جی دوا سے کورونا کے مریض جلدی ٹھیک بھی ہوتے ہیں۔

