
سمی مادوں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر شاہد جمیل نے انڈین سارس کووڈ ٹو جینومیکس کنسورشیا (INSACOG) کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ INSACOG ملک کی جینوم ترتیب دینے کے کام کو مربوط کرنے والا سائنسی ایڈوائزری گروپ ہے۔ ڈاکٹر شاہد جمیل وبا کے دور میں ایک معتبر سائنسی آواز کی حیثیت رکھتے ہیں۔INSACOG کی تشکیل اسی برس جنوری میں کی گئی تھی جسکا مقصد سارس اور کووڈ ٹو وائرس اور اسکی مختلف شکلوں کی جینوم ترتیب کے کام کو رفتار دینا ہے۔ INSACOG نے ملک بھر سے یکجا کئے گئے وائرس کے نمونوں کی جینوم ترتیب کا کام انجام دینے والی دس اعلیٰ لیباریٹریز کا نیٹ ورک قائم کیا تھا۔ کنسورشیم کو چھ ماہ کے لئے قائم کیا گیا تھا لیکن بعد میں اسکی مدت میں توسیع کردی گئی۔ ڈاکٹر شاہد جمیل وائرس کے پھیلاؤ کو قابو میں کرنے کی حکومت کی کوششوں سے مطمئن نہیں تھے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے قبل از وقت یہ یقین کرکے فاش غلطی کی تھی کہ جنوری میں وبا ختم ہو گئی ہے۔ اور انتظامیہ نے گزشتہ مہینوں میں قائم عارضی سہولتوں کو ختم کردیا تھا۔ حال ہی میں ڈاکٹر شاہد جمیل نے نیو یارک ٹائمز میں ایک مضمون لکھا تھا جس میں انہوں نے ٹیسٹینگ اور آئیسولیشن بڑھانے، مزید عارعضی سہولتیں مہیا کرانے ،ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور نرسوں کی خدمات حاصل کرنے اور ضروری دواؤں اور آکسیجن کی سپلائی چین مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
