
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی جانگداز شہادت پر البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی جانب سے عالم جلیل ، استاذ الاساتذہ حضرت آیت اللہ سید حمید الحسن صاحب قبلہ کی صدارت میں ایک عظیم الشان انٹرنیشنل کانفرنس زوم کے ذریعے منعقد ہوئی ۔
البقیع آرگنائزیشن کے روح رواں سید محبوب مہدی عابدی نجفی نے کانفرنس کا آغاز البقیع آرگنائزیشن کے اغراض ومقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے جنت البقیع کی تحریک کو دنیا والوں تک پہنچانے کے لیے ہمیں ایک مضبوط اور مستحکم ،فعال ٹیم عطا کی ہے جو شب و روز بقیع کی تعمیر کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ مولانا محبوب مہدی عابدی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جس طرح سے مومنین بقیع کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور ٹیم کے ممبران بڑے پیمانے پر اس امر میں کوشاں ہیں ایک نہ ایک دن ہماری یہ کوشش کامیاب ہوگی اور وہاں ایک خوبصورت روضہ تعمیر ہوگا ۔
البقیع آرگنائزیشن کے اہم ممبر اور شاعر مودت سید اشہر مہدی نے پیغمبر اسلام ص اور امام حسن ع کی بارگاہ عصمت وطہارت میں خوبصورت اشعار پیش کیے ۔
کیا رتبہ اعلیٰ ہےسرکار محمد کا -: ہے عرش معلیٰ پر دربار محمد کا –

عالم تشیع کی نامور شخصیت ، بزرگ عالم دین, مفکر و فیلسوف زماں آیت اللہ سید حمید الحسن نے عالم اسلام کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دو گراں قدر چیزیں چھوڑی ہیں ایک اھلبیت اور ایک قرآن ، اس لیے ضروری ہے کہ تمام مسلمان دونوں سے محبت کریں لیکن ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ کچھ لوگ قرآن سے تو محبت کرتے ہیں لیکن اہلبیت علیہم السلام سے کما حقہ محبت نہیں کرتے اگر دنیا کے تمام مسلمان اھلبیت سے حقیقی محبت کرتے تو آج بقیع میں اھلبیت علیھم السلام کی قبریں ویران نہ ہوتیں ۔ مولانا حمید الحسن نے تمام علما سے اپیل کی کہ وہ البقیع آرگنائزیشن کی آواز کو دنیا والوں تک پہنچائیں۔

البقیع آرگنائزیشن کے فعال رکن سجاد لاکھانی نے البقیع آرگنائزیشن کے ذریعے ہونے والی فعالیت کو بیان کیا اور فرمایا کہ اقوام متحدہ سے لے کر حقوق بشر کی مختلف تنظیموں سے ہم براہ راست گفتگو کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد وادی السلام کے قریب جنت البقیع کی شبیہ ، روضے کی شکل میں تعمیر کی جائےگی ۔
نبیرہ آیت اللہ سید حمید الحسن ، مولانا سید حیدر حسن آل نجم الملت نے البقیع آرگنائزیشن کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ اس ادارے کے لوگ جو کام کر رہے ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ مولانا موصوف نے محمد ابن عبد الوھاب کے ناپاک عزائم سے پردہ اٹھایا اور کہا کہ بقیع کا زخم اس وقت تک مندمل نہیں ہوگا جب تک وہاں روضہ تعمیر نہیں ہو جاتا۔ ذاکر اہلبیت سید صادق علی نے کہا کہ بقیع میں جو قبروں کو منہدم کیا گیا ہے اس کے پیچھے اھلبیت علیھم السلام سے بغض و عناد ہے ۔ان ظالموں کا مختصر تعارف یہ ہے کہ ان کے بزرگوں نے اھلبیت علیھم السلام کو شہید کیا تھا اور ان لوگوں نے ان کے روضوں کو شہید کیا ہے

شہر پونا سے مولانا اسلم رضوی نے تمام انصاف پسند لوگوں سے یہ اپیل کی کہ وہ بقیع کے لیے خاموش نہ بیٹھیں بلکہ جس سے جو ممکن ہو سکے وہ اس راہ میں کوشش کرے ۔ یاد رہے ہمیں کوشش کرنا ہے نتیجے کا انتظار نہیں کرنا ہے کیوں کہ جزا اور ثواب دینے والا عمل کی بنیاد پر ثواب دیتا ہے نتیجے کی بنیاد پر نہیں ۔
