
کرناٹک کے رائچور میں شری رام سینا کے لیڈروں کے ذریعے اشتعال انگیز بیانات دیئے جانے کے خلاف کانگریس اقلیتی سیل نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔کانگریس ضلع اقلیتی سیل کے صدر اور سی ایم سی رکن ساجد سمیر کی قیادت میں کئے گئے احتجاجی پروگرام میں مختلف مذاہب کے افراد نے حصہ لیا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی لیڈروں اورکارکنوں نے فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ سی ایم سی رکن ساجد سمیر نے کہاکہ رائچور ابتدا سے ہی ایک پرامن شہر رہا ہے اور یہاں کی گنگاجمنی تہذیب مثالی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے اور شری رام نومی جلوس کے دوران ہتھیار لہرانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی حکومت سے مطالبہ کیا۔
