
رفائل فائٹر جیٹ سودے کے بارے میں ایک سنسنی خیز انکشاف کیا ہے فرانس کی بد عنوانی مخالف اتھارٹی اے ایف اے نے۔ اسکا کہنا ہیکہ جیٹ تیار کرنے والی کمپنی دسالٹ نے 8.62 کروڑ روپئے ایک ہندستانی بچولئے کو دئے تھے۔ فرانس کے آن لائن جرنل میڈیا پارٹ کی رپورٹ کے مطابق دسالٹ کمپنی اس خطیر رقم کے بارے میں اے ایف اے کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکی۔ میڈیا پارٹ کی رپورٹ کے مطابق اے ایف اے کو جانچ کے دوران سب سے پہلے اکتوبر 2018 کے وسط میں اس رقم کی ادائےگی کے بارے میں پتہ لگاتھا۔رفائل ڈیل 23ستمبر2016 کو فائنل ہوئی تھی۔ دسالٹ یہ رقم ہندستان کے ایک ذیلی کانٹریکٹر Defsys Solutions کو ادا کرنے کو راضی ہوئی تھی۔

دسالٹ کے مطابق اس رقم کا استعمال رفائل ماڈل کے پچاس بڑے نمونے بنانے کے لئے ہونا تھا۔ طیارہ ساز کمپنی اے ایف اے کو یہ ثبوت دینے میں ناکام رہی کہ آیا وہ نمونے تیار بھی ہوئے تھے یا نہیں۔ میڈیا پارٹ کے مطابق اے ایف اے فرانس کی وزارت جسٹس اور بجٹ وزارت کو جواب دہ ہے۔ لیکن اس نے یہ معاملہ استغاثہ کی نوٹس میں نہیں لایا۔ جس ہندستانی کمپنی Defsys Solutions کو یہ رقم دی گئی تھی اسکا مالک سوشین گپتا ہے جسے مارچ 2019 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔ منی لانڈرنگ کا وہ کیس اگستا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر گھوٹالے سے جڑا تھا۔ سسوشین گپتا کو بعد میں ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔
