qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

“صحتمند نہٹور” مہم کے تحت بڑے پیمانے پر عوامی بیداری  پروگرام

نہٹور کے  گورنمنٹ گرلز انٹر کالج میں “صحتمند نہٹور” مہم کے تحت  شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے حوالے سے بڑے پیمانے پر عوامی بیداری  پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ یہ بیداری پروگرام ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ (ہیپٹ اور گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ جس میں صدر کی حیثیت سے بجنور چیف ڈیویلپمنٹ آفیسر (سی ڈی او) ،  پورن بورا، آئی اے ایس نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت ایس این ایس ایم انٹر کالج کے سابق پرنسپل اور صحتمند نہٹور مہم کے کنوینر مشارک چرن سنگھ شرما نے کی۔  پروگرام میں “جانچ کراؤ، جان بچاؤ” اسٹیکر بھی جاری کیا گیا۔

” صحتمند نہٹور” مہم کے روح رواں اور ہیپٹ کے سکریٹری غزال مہدی نے ملک میں شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے پھیلاؤ  کے خطرات پر روشنی ڈالی اور انہیں “خاموش وبائی امراض” قرار دیا۔ انہوں نے ہیپٹ کے نعرے “بچاؤ علاج سے بہتر ہے” کو دہرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹر سماج کے ہر طبقہ کے لوگوں کو ان کے مذہبی عقیدے، سیاسی وابستگی، ذات یا جنس سے قطع نظر اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیپٹ کے تربیت یافتہ طلبہ والنٹیر نہ صرف سینٹر پر بلکہ نہٹور کے میونسپل وارڈوں میں منعقد کئے جانے والے میڈیکل کیمپوں میں بھی اپنی پیرا میڈیکل خدمات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے عوامی بیداری مہم میں طلبہ اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے لئے ایک جامع خاکہ پیش کیا۔

آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر، مہمان خصوصی ڈاکٹر وکاس تیاگی نے شوگر اور بلڈ پریشر کے حوالے سے اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ تجربات کا ذکر کرتے ہوئے وقت پر جانچ کرانے کی اہمیت پر زور دیا، اور بتایا کہ شوگر اور بلڈ پریشر کی علامتیں اکثر اس وقت تک ظاہر نہیں ہوتیں جب تک کہ مریض خطرناک مرحلے میں داخل نہ ہو جائے۔ ڈاکٹر تیاگی نے طلبہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بیداری کے اقدامات میں طلبہ اور نوجوانوں کی شمولیت پر  زور دیا اور علامات اور بیماریوں کے درمیان فرق کو بھی واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے باقاعدہ ورزش، متوازن خوراک اور روٹین چیک اپ ضروری ہیں۔

گورنمنٹ انٹر کالج منور سید نگینہ کے پرنسپل اور مہمان خصوصی ڈاکٹر نشانت یادو نے عوام میں باقاعدگی سے صحت کی جانچ کرانے کے حوالے سے بیداری  پیدا کرنے کے لئے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر جلسہ پورن بورا نے ہیپٹ  کے ذریعہ چلائی جا رہی  ‘صحتمند نہٹور’کی  مہم کو تیز کرنے کی  کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ صحت کو اعلیٰ ترجیح دیتے ہیں اور ان کی سوچ سماجی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں میں غزال مہدی کی سوچ سے مطابقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوسائیٹی میں چھوٹے چھوٹے مثبت اقدامات، خاص طور پر غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعہ، ہماری زندگی پر  اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں اور یہ قومی ترقی میں قابل قدر رول ادا کرتے ہیں۔

پورن بورا نے کہا کہ ایسے  پروگرام ہر سرکاری  اسکول اور انٹر کالج میں منعقد کئے جایئں جن میں بڑی تعداد میں طلباء کو شامل کیا جائے اور زوم کے ذریعے گرام پنچایت رہنماؤں سے بھی رابطہ قائم کیا جائے۔ انہوں نے بچیوں کی تعلیم کے ذریعہ خواتین کو بااختیار اور مالی طور پر خود مختار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جلسہ  میں مختلف اسکولوں، کالجوں کے پرنسپلس، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے نمائندوں سمیت شہر کی ممتاز شخصیتوں نے شرکت کی جن میں سید بلال زیدی، سریندر کمار شرما، امیت چوہان، سنیل تیاگی، ڈاکٹر محمد راشد، اکرم انصاری، انکر جین، سینئر سٹیزن کامریڈ غلام صابر، محمدناظم انصاری، محفوظ علی، نوید اقبال، ادے پرتاپ سنگھ، اور رضوان انصاری وغیرہ شامل تھے۔

اس موقع پر پورن بورا  نے ایک بیداری اسٹیکر کا اجرا کیا اور  غزال مہدی، میجر چرن سنگھ شرما، حافظ اطاعت  حسین، اور ہیلتھ والنٹیروں نے پورن بورا کو شوگر اور بلڈ پریشر  بیداری مہم میں ان کی حمایت اور مدد کے اعتراف میں ہیپٹ کی جانب سے ایک میمنٹو  پیش کیا۔گرلز انٹر کالج کی پرنسپل ببیتا رانی  اورہیپٹ کے قائم کردہ ’ شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سینٹر‘ کے سرگرم کارکن حافظ اطاعت حسین نے مہمانوں کا استقبال کیا اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

Related posts

پیروں سے بنی اپنی تصویر دیکھ کر رونالڈو حیران رہ گئے

qaumikhabrein

”سخنِ حق کو فضیلت نہیں ملنے والی“۔۔تحریر۔سراج نقوی

qaumikhabrein

یورو فٹبال کپ۔ ہتھنی کی پیش گوئی سے جرمنی کے مداح خوش۔

qaumikhabrein

Leave a Comment