
کوفہ اور شام کے درباروں میں بی بی زینبؑ کے خطبات محض ایک مظلومہ کا احتجاج نہیں تھے، بلکہ وہ ظلم و استبداد کے خلاف ایک ابدی منشور تھے۔ان خیالات کا اظہار عالمی مرثیہ سینٹر کے چئیرمین ناصر علی نے دہلی میں منعقدہ پروگرام ‘پیام زینب’ میں کیا۔ ناصر علی نے کہا کہ جنابِ زینبؑ نے کوفہ کے بازار اور دمشق کے قصرِ شاہی میں اپنے خطبات کے ذریعے ظالم کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس سے یزیدی حکومت کا پُر فریب بیانیہ یکسر تبدیل ہو گیا اور عوام کو کربلا کی حقیقی سچائی کا علم ہوا۔ پیام زینب کا اہتمام حسن آرا ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا تھاجس میں ملک کی ممتاز علمی، ادبی، سماجی اور بیوروکریٹک شخصیات سمیت زائرین اور عزاداروں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے معرکہ کربلا کے بعد اسیرانِ اہل بیت کے مصائب اور دین اسلام کی بقا کے لیے جنابِ زینب سلام اللہ علیہا کی تاریخی و انقلابی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ممتازمذہبی اور اردو اسکالر پروفیسر عباس رضا نیر جلال پوری نے اسیرانِ کربلا کے مصائب اور شہادتِ اِمام حسین علیہ السلام کے بعد بی بی زینبؑ کی لازوال خدمات و قربانیوں کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ بی بی زینبؑ نے کربلا کے پیغام کو رہتی دنیا تک زندہ رکھ کر آمریت کو ہمیشہ کے لیے شکست دے دی۔
معروف سماجی شخصیت کامنہ پرساد نے کربلا کی خواتین کے بے مثال کردار اور معرکہ حق و باطل میں ان کے صبر و استقامتکا ذکر کیا جبکہ سینئر آئی اے ایس (IAS) افسر شری کانت نام دیو نے درسِ کربلا اور اس کے آفاقی انسانی پیغام کو سراہتے ہوئے بارگاہِ حسینی میں اپنی گہری عقیدت کا اظہار کیا۔

اس علمی و عزائی نشست میں مولانا کرار مولائی اور صاحب عالم نے سوز و نوحہ پیش کر کے رقت آمیز ماحول پیدا کر دیا۔پروگرام کی نظامت معروف ادیب و شاعر پروفیسر ناشر نقوی نے اپنے مخصوص انداز میں کی۔ اس سے قبل پروگرام کا آغاز خواتین کے ایک خصوصی سیشن سے ہوا، جس میں رباب حیدر نےمنظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا، جبکہ محترمہ ہدا اور عالمگیر شہرت کی حامل ذاکرہ آلِ عبا محترمہ آلِ طٰہٰ نے شہادتِ اِمام حسینؑ کے رقت انگیز لمحات اور اس وقت بی بی زینبؑ اور اِمام حسینؑ کے مابین ہونے والی گفتگو کو پُردرد طریقے سےبیان کیا، جس سے حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔

پروگرام کے آغاز میں پدم شری ڈاکٹر محسن ولی نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ‘پیامِ زینب’ کے 35 سالہ شاندار اور تاریخی سفر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر حسن آرا ٹرسٹ کے اراکین حیدر کمال اور اشجع رضا زیدی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس باوقار تقریب میں ملک کی جن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی، ان میں قمر احمد زیدی، سابق چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی، آئی آر ایس (IRS) نیئر علی نجمی، آئی جی (IG) جمال طٰہٰ ، معروف فلم ہدایتکار مظفر علی، ندیم عباس زیدی، نواب مراد علی خان، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سعید نقوی،جمشید زیدی، بیگم فرخ نازشامل ہیں۔

