qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

امروہا میں عقیدت کے ساتھ منایاگیا یوم سرسید

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے امروہا سے تعلق رکھنے والے ابنائے قدیم کی تنظیم۔AMU Alumni Association Amroha  کو اپنا ایک مستقل دفتر مل گیا ہے۔ دفتر مہیا کرنے کا اعلان ہاشمی گروپ آف  انسٹی ٹیوشنس کے چیئرمین سراج الدین ہاشمی  نے کیا تھا۔ موقع تھا مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خاں کے208 ویں یوم پیدائش کی تقریب کا۔

سراج الدین ہاشمی نے  تقریب کے مہمان خصوصی  کی حیثیت سے اپنی تقریر میں  قوم کےمتعدد غریب  طلبا کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے  کے ایسوسی ایشن کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے پاس ایک مستقل دفتر ہونا چاہئے جہاں سے وہ قوم کے لڑکوں لڑکیوں کی  زندگی میں آگے بڑھنے کے سلسلے میں رہنمائی کرسکے۔ سراج الدین ہاشمی نے کہا کہ ایسوسی ایشن  مستقل دفتر  کو اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لئے استعمال کرسکتی ہے۔انہوں نے ایسو سی ایشن کو یقین دلایا کہ تعلیم کے میدان میں مستحق طلبا و طالبات کی مدد کے معاملے میں انکا ادارہ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

AMU Alumni Association Amroha   کی جانب سے مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خاں کا208 واں یوم پیدائش روایتی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اے ایم یو ابنائے قدیم امروہا کا یہ پانچواں پروگرام تھا۔ تقریب کی صدارت معروف سرجن ڈاکٹر شکیل فاروق نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہاشمی گروپ آف  انسٹی ٹیوشنس کے چیئرمین سراج الدین ہاشمی  نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان ذی وقار اس  بار منسٹری آف روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائیویز کے سپرینٹینڈنگ انجینئر عقیل احمد تھے۔  اسٹیج پر  سینئر وکیل اور علیگ عسکری رضا، ایسو سی ایشن کی جوائنٹ سیکریٹری صبا خاں اور سماجی کارکن رافعہ احمد بھی موجود تھیں۔مقررین نے قوم کی تعلیمی  اور فکری پسماندگی دور کر نے کے لئے سرسید  کی گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  سر سید کو حقیقی معنیٰ میں خراج عقیدت یہی ہوگا کہ قوم کو تعلیم کے شعبے میں خود کفیل بنانے  کے  لئے کوششیں کی جائیں۔

 ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری انجینئر خرم رضوی نے ایسو سی ایشن کی  اب تک کی کارکردگی  پیش کرتے ہوئے شکایتی انداز میں کہا کہ امروہا میں ایک ہزار سے زیادہ یونیورسٹی کے فارغین موجود  ہیں لیکن  اے ایم یو کے ابنائے قدیم  کی تنظیم کے ساتھ صرف ساڑھے تین سو افراد ہی منسلک ہیں اور ان میں بھی پچاس سے کم ایسے ارکان ہیں جو تنظیم کے تعلیمی مشن میں مالی تعاون کرتے ہیں۔  اس موقع پر ایسو سی ایشن کی جانب سے قوم کے تعلیمی مشن کے لئے فنڈ جمع کرنے کی مہم  بھی شروع کی گئی۔

 تقریب کی نظامت ایسو سی ایشن کے صدر اے کے انٹر کالج کے پرنسپل عادل عباسی اور  ایسو سی ایشن کے میڈیا انچارج، وکیل اور براڈ کاسٹر علی محتشم نے مشترکہ طور پر کی۔ AMU Alumni Association Amroha کے نائب صدر ڈٓکٹر امین الحق نے مہمانان کا تعارف  پیش کیا۔ تقریب کا اختتام  یونیورسٹی کے ترانے اور راشٹر گان پر ہوا۔ تقریب میں علیگ برادری کے افراد اور شہر کی ممتاز ادبی اور سماجی شخصیات  موجود تھیں۔

Related posts

امام زادے کے حرم کا حملہ آور وہابی تکفیری تھا۔

qaumikhabrein

مولانا کلیم الدین کی گرفتاری کے خلاف مراٹھواڑہ میں مسلم تنظیموں میں غصہ۔

qaumikhabrein

امروہا فاؤنڈیشن کی جانب سے محفل مسالمہ کا اہتمام۔

qaumikhabrein

Leave a Comment