
نومبر کا مہینہ اردو والوں کے لیے دوہری نسبت لے کر آتا ہے۔ 9 نومبر کو علامہ محمد اقبال کی ولادت کی مناسبت سے “یومِ اردو” منایا جاتا ہے، اور اس سے ایک دن پہلے، 8 نومبر کو، اردو کے منفرد اور بے باک شاعر جون ایلیا کی برسی آتی ہے۔ اس موقع پر شہرِ علم و ادب امروہا میں مقامی ثقافتی تنظیموں نے ایک ہی روز باوقار تقریبات کا انعقاد کیا، جن میں اہلِ ذوق اور دانشوروں نے جون ایلیا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اقبال وہ شاعر ہیں جنھوں نے اردو کو فکر کی بلندی اور خودی کا پیغام عطا کیا۔ انھوں نے نوجوانوں کو شاہین کی بلند پروازی کا سبق دیا اور ملت کو بیداری کی صدا دی۔ ان کا یہ شعر آج بھی زبانوں پر ہے:
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں

اقبال کے بعد اردو شاعری کو جس شاعر نے ایک بالکل نیا لہجہ دیا، وہ جون ایلیا تھے۔ امروہہ کی مٹی سے اٹھنے والے اس شاعر نے اپنے شہر کو زندگی بھر دل سے لگائے رکھا۔ ان کی شاعری میں بے نیازی، طنز، کرب اور خود سے الجھنے کی کیفیت ایک ساتھ ملتی ہے۔ وہ کہتے ہیں:
بن تمھارے کبھی نہیں آئی
کیا مری نیند بھی تمھاری ہے
۔۔۔۔۔۔۔
میں بھی بہت عجیب ہوں اتنا عجیب ہوں کی بس
خود کو تباہ کرلیا اور ملال بھی نہیں

اقبال کی شاعری خودی اور عمل کا درس دیتی ہے، جب کہ جون کی شاعری انسان کے باطن میں جھانکتی اور اس کی تنہائی اور بے چینی کو زبان دیتی ہے۔ دونوں کے راستے الگ ہیں، مگر اردو کی وسعت دونوں کو اپنے دامن میں سمیٹ لیتی ہے۔
اسی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے ثقافتی تنظیم “بزمِ صادقین” کے محلہ بنگلہ واقع دفتر میں ایک خصوصی مشاعرہ منعقد ہوا۔ مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر عاطف خاں نے کی اور نظامت ارمان حیدر ساحل نے کی۔ فراز عرشی، فروغ احسن خاں، اشرف فراز، ضیاء کاظمی، کوکب امروہوی، شاہنواز تقی، سیف عابدی اور سامی امروہوی نے کلام پیش کر کے محفل میں سماں باندھ دیا۔ اختتام پر رامیش ولی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب “الائچی کلب” کے زیرِ اہتمام ایک یادگاری نشست ہوئی جس میں جون ایلیا کے دیرینہ ساتھیوں انجینئر اعجاز حیدر، پروفیسر ناشر نقوی اور اسلام عالمی نے ان کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات کو یاد کیا۔ مقررین نے کلب سے جون کی وابستگی اور امروہہ سے ان کی دیوانگی کی حد تک محبت پر تبادلۂ خیال کیا۔ عالمی سطح پر جون کی مقبولیت پر سردار پرہلاد سنگھ نے اظہارِ خیال کیا، جب کہ دیگر شرکاء نے ان کی منتخب غزلیں اور اشعار سنا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ماہرِ قانون حبیب احمد صدیقی، نواب مراد علی خاں، رضا کمال نقوی، ماسٹر مہتاب حسین، گلزار امروہوی اور محبوب زیدی نے بھی جون ایلیا کی ادبی خدمات اور ان کی منفرد شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یومِ اردو اور جون ایلیا کی برسی کا یہ سنگم امروہا کے لیے محض ایک تقریب نہیں، بلکہ اس بات کی گواہی ہے کہ یہاں اردو آج بھی سانس لے رہی ہے۔ جب تک ایسی محفلیں سجتی رہیں گی اور اہلِ ذوق جمع ہوتے رہیں گے، اقبال کی فکر اور جون کا درد دونوں نئی نسلوں تک پہنچتے رہیں گے۔

