qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

شہدائے ایران کے چہلم پرجلسہ تعزیت اور خون عطیہ کیمپ

اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے چالیسویں کے موقع پر ایران کلچر ہاؤس میں جلسہ تعزیت اور مجلس چہلم کا اہتمام کیا گیا جس میں بلا تفریق مذہب ومسلک مذہبی رہنماؤں کےساتھ سیاسی، سماجی لیڈر اور دانشواران نے شرکت کر کے شہیدان راہ حق کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ہندوستان میں ایرانی سپریم لیڈرکے نمائندہ ڈاکٹر عبد المجید حکیم الہی، سفیر ایران ڈاکٹر محمد علی فتح، مولانا کلب جواد نقوی، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، علامہ سید عقیل الغروی، سابق مرکزی وزیرمختارعباس نقوی سمیت بڑی تعداد میں علماء کرام اور مختلف مذاہب ومسالک کے رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر موجود عوامی سیلاب جہاں ایک طرف شہید آیت اللہ خامنہ ای کے حوالے سے پوری انسانیت کے لیے انجام دی گئیں خدمات کو بغور سن کر جوش  وجذبے سے سرشا رہورہا تھا وہیں دوسری طرف اپنے سینے میں شہید کی جدائی کا درد لئے فدائین شہید امت انسانیت کی فلاح کے لیے خون کا عطیہ کرکے حقیقی اسلام کا پیغام عام کر رہے تھے۔

 شہید امت کے چالیسویں کے موقع پر اے ایم آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ، دہلی کی جانب سے اپنی نوعیت کا منفرد ’بلڈ ڈونیشن‘ اور فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے خون کا عطیہ پیش کیا۔ ۔ خون کے عطیہ کا یہ عظیم الشان اہتمام سہ پہر 3 سے رات 12 بجے تک جاری رہا۔ کیمپ میں ہندو، مسلم، سکھ اورعیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خدمتِ انسانیت کے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کیمپ میں عوام کو متنوع طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں رضاکارانہ خون کا عطیہ، ماہر ڈاکٹروں کی خدمات ، مفت طبی معائنہ اور ضرورتمند مریضوں کیلئے بلا معاوضہ ادویات کی فراہمی شامل تھی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد معاشرے میں صحت کے شعور کو فروغ دینا اور قیمتی انسانی  جانوں کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر دہلی کے اسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کی مدد کیلئے بلڈ ڈونیشن کیمپ قائم کیا گیا، جو ڈاکٹر سمیّر کمار (ڈائریکٹر، روٹری بلڈ سینٹر)  کی نگرانی میں روٹری دہلی کیپیٹل چیریٹیبل بلڈ سینٹر کے تعاون سے کامیابی کےساتھ مکمل ہوا۔ کیمپ میں سپریم لیڈر کے نمائندہ برائے ہندوستان آیت اللہ ڈاکٹرعبدالمجید حکیم الٰہی، کلچرل کونسلر ڈاکٹر فرید الدین فرید عصر اور سفارتِ جمہوری اسلامی ایران کے دیگر نمائندگان نے بھی خون کا عطیہ کرکے انسان دوستی کا عملی پیغام پیش کیا۔ کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 265 یونٹ خون عطیہ کیا گیا، جو ایک قابلِ قدر اور متاثر کن کارنامہ ہے۔ منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا مقصد محض رسمی تقریب کا انعقاد نہیں بلکہ انسانیت کی حقیقی خدمت اور ضرورت مند مریضوں کو فوری مدد فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے فلاحی  اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور خون کا عطیہ کرکے انسانی جانوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ میڈیکل کیمپ میں اے ایم آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ماہر ڈاکٹروں جن میں ڈاکٹر اشرف حسین ، ڈاکٹر عالم، ڈاکٹر کساء، ڈاکٹر معظمہ ترابی، ڈاکٹر مبین اصغر، ڈاکٹر غیور الحسن، ڈاکٹر محسن نقوی، عون علی (لیب ڈائریکٹر) اور محمد ہاشم (لیب منیجر) شامل تھے، ۔ مریضوں کا معائنہ کیاگیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

کیمپ کے اختتام پر ٹرسٹ کے صدر سید رضی حیدر نے آیت اللہ عبدالمجید حکیم الٰہی، ڈاکٹر فرید عصر اور دیگر مہمانوں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے خود خون عطیہ کرکے اس مہم کو تقویت بخشی۔ انہوں نے تمام ڈاکٹروں، طبی عملے اور ٹرسٹ کے اراکین جن میں حاجی ذوالفقار باقر، معظم علی زیدی، مولانا ذیشان حیدر رجیٹوی، سید عباس زیدی اور محمد حیدر زیدی شامل تھے، کی خدمات کو بھی سراہا۔ اے ایم آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ عرصۂ دراز سے خدمتِ خلق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف ایک بامعنی خراجِ عقیدت ثابت ہوا بلکہ انسانیت، ہمدردی اور اجتماعی ذمہ داری کی ایک روشن مثال بھی پیش کر گیا۔

Related posts

حیدرآباد میں تین روزہ ایرانی فلم ایونٹ

qaumikhabrein

تریپورہ کے تشدد زدہ مسلمانوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

qaumikhabrein

ہوشیار پور میں قائم ہورہا ہے بی بی سکینہ کا روضہ

qaumikhabrein

Leave a Comment